انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارت کا ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ

قومی ٹیم لیگ میچ کی شکست بھلا کر ٹرافی جیتنے کے لیے پُرعزم، لٹل اسٹارز فیصلہ کن معرکے کو تیار
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2025 10:12am

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف فلڈنگ کا فیصلہ کرلیا ہے۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دبئی میں کھیلے جانے والے اس فیصلہ کن مقابلے میں دونوں ٹیموں کے نوجوان کھلاڑی مکمل تیاری کے ساتھ ایکشن میں ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی امید ہے۔

پاکستان کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم فائنل کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم کا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔

۔

قومی انڈر 19 ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر شاندار کھیل پیش کیا ہے۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن میں نوجوان بلے باز سمیر منہاس نمایاں کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز ہیں، جو اب تک 4 میچز میں 299 رنز اسکور کر چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

بولنگ کے شعبے میں بھی قومی ٹیم مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان اب تک 11 جبکہ لیفٹ آرم بولر محمد صیام 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کی ٹرافی قومی ٹیم کے نام نہیں ہو سکی۔ البتہ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن ضرور رہا تھا۔

india

پاکستان

dubai

Final

Under 19 Asia Cup