تنخواہ نہ ملنے پر پائلٹ کا طیارہ اڑانے سے انکار، خود کو کاک پٹ میں بند کرلیا

واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مسافر طیارے میں سوار ہو چکے تھے
شائع 21 دسمبر 2025 09:36am

میکسیکو سٹی ایئرپورٹ پر اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک پائلٹ نے تنخواہ کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے طیارہ اڑانے سے انکار کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مسافر طیارے میں سوار ہو چکے تھے اور جہاز اڑان بھرنے کے لیے مکمل طور پر تیار تھا۔

رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے اچانک طیارہ اڑانے سے انکار کرتے ہوئے خود کو کاک پٹ میں بند کر لیا۔ پائلٹ نے طیارے میں موجود مسافروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عملے کو ان کی تنخواہ ادا نہیں کی جاتی، یہ جہاز اڑان نہیں بھرے گا۔

پائلٹ کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہ اور سفری الاؤنس کا انتظار کر رہا ہے۔ اس نے کہا کہ وہ تین بچوں کا باپ ہے اور مسلسل مالی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، تاہم اب اس کا صبر جواب دے چکا ہے۔

واقعے کے بعد ایئرپورٹ حکام نے فوری طور پر صورتحال کو قابو میں لینے کے لیے کارروائی کی۔

سکیورٹی اہلکاروں نے پائلٹ کو تحویل میں لے لیا جبکہ تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ حکام کے مطابق کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔

واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر کچھ وقت کے لیے بے چینی کی فضا رہی، تاہم بعد ازاں حالات معمول پر آ گئے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ ایئرلائن سے بھی معاملے پر وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔

airplane

pilot protest

unpaid wages

plane cockpit

lock himself

mexican pilot