کراچی: لانڈھی میں موٹرسائیکل چلانے والی خاتون ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث پیش آنے والے حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہو گئی، جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب ایک ٹریلر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 26 سالہ بشریٰ کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون خود موٹرسائیکل چلا رہی تھی کہ اسی دوران حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔















