سہیل محمود نے ڈی-8 تنظیم کے سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھال لیا
پاکستان کے سینئر سفارت کار سہیل محمود نے ڈی-8 (ڈیولپنگ ایٹ) تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا چارج سنبھال لیا۔ استنبول میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
ڈی-8 سیکریٹریٹ کے ہیڈکوارٹر استنبول میں منعقدہ تقریب میں سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل سفیر امام نے سفیر سہیل محمود کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سہیل محمود کے لیے کامیاب اور نتیجہ خیز مدتِ کار کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سہیل محمود نے سابق سیکریٹری جنرل کی خدمات کو سراہا اور تنظیم کے لیے ان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی-8 تنظیم میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور ترجیحی پروگراموں اور اسٹریٹجک منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد سے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ڈی-8 چارٹر اور دس سالہ روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے رکن ممالک، شراکت داروں اور سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
چار دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران سہیل محمود پاکستان کے سیکریٹری خارجہ، ترکیہ میں سفیر اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ ان کی بطور سیکریٹری جنرل ڈی-8 مدتِ کار یکم جنوری 2026 سے مؤثر ہوگی۔














