سہیل آفریدی کو کراچی میں برگر کھلائیں گے: مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو کراچی آمد پر وزیراعلیٰ کا پورا پروٹوکول دیا جائے گا اور انہیں عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کو حسن علی ہوتی مارکیٹ میں برگر بھی کھلائے جائیں گے اور کراچی کی روایتی اجرک پہنائی جائے گی۔
مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو کراچی میں خوش آمدید کہنا ہمارے لیے اعزاز ہے اور انہیں مکمل احترام کے ساتھ ریسیو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سطح کا جو پروٹوکول ہوتا ہے، وہ دیا جائے گا۔
مئیر کراچی نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی کو عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا، انہیں حسن علی ہوتی مارکیٹ میں برگر کھلائے جائیں گے اور کراچی کی ثقافتی پہچان اجرک بھی پیش کی جائے گی۔
حسن علی ہوتی مارکیٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اس تاریخی مارکیٹ کو 100 سال مکمل ہوچکے ہیں۔
ان کے مطابق یہ مارکیٹ قریبی رہائشیوں کی سہولت کے لیے تعمیر کی گئی تھی، تاہم ماضی میں اس جیسے ورثے کا خیال نہیں رکھا گیا اور یہاں صرف انکروچمنٹ رہ گئی تھی جس سے مارکیٹ کا برا حال ہوگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کی آڑ میں کراچی کو برا دکھانے کی کوشش کی گئی، لیکن بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شہر کی روشنیاں بحال کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ کراچی کوئی نیا نہیں بلکہ ایک پرانا تاریخی شہر ہے اور ہوتی مارکیٹ کی بحالی پر یہاں کی کمیونٹی خوشی محسوس کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اس سے قبل ڈینسو مارکیٹ، فریئر ہال اور ایمپریس مارکیٹ کو بھی بحال کیا جا چکا ہے، جب کہ لی مارکیٹ کی بحالی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق جو رقم جمع ہوگی وہ شہر کی ترقی پر ہی خرچ کی جائے گی اور اس سال کراچی پر 46 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی حمایت اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد کراچی جائیں گے اور وہاں وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وہ پختون کمیونٹی کو درپیش مسائل اور صحت کے شعبے میں مشکلات پر بھی بات کریں گے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ کراچی میں وہ نہ صرف صوبائی حکومت کے حکام سے ملاقات کریں گے بلکہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خاص طور پر پختون کمیونٹی کے مسائل پر توجہ دی جائے گی اور ان کے حل کے لیے تجاویز پر غور ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہیلتھ کارڈ کے تحت کراچی میں علاج میں بعض مشکلات کا سامنا ہے، جس پر وہ متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔
مزید برآں، خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے اور دیگر عوامی مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی تاکہ ان کے حل کے لیے بہتر اقدامات کیے جا سکیں۔















