وینزویلا پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: ممدانی

نیویارک کے میئر نے وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کر دی
شائع 04 جنوری 2026 12:01am

نیو یارک کے میئر زوہران ممدانی نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی امریکی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور نیویارک میں وفاقی تحویل میں رکھنے کے منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کارروائی کی مذمت کر دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ممدانی نے کہا کہ انہیں صبح کے وقت وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی امریکی فوجی کارروائی کے ذریعے گرفتاری اور انہیں نیویارک منتقل کیے جانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ممدانی نے کہا کہ کسی خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ جنگی اقدام کے مترادف ہے اور یہ امریکی وفاقی قوانین اور بین الاقوامی قانون دونوں کی خلاف ورزی ہے۔

ان کے مطابق کھلے عام حکومت کی تبدیلی کی کوششیں صرف بیرونِ ملک اثرات تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ان کے براہِ راست اثرات امریکا کے اندر بھی پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا براہِ راست اثر نیویارک میں رہنے والے دسیوں ہزار وینزویلا کے شہریوں پر پڑتا ہے، جو اس شہر کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ ممدانی کے مطابق ان کی اولین ترجیح وینزویلا نژاد افراد سمیت ہر نیویارکر کی سلامتی ہے۔

ممدانی نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کرتی رہے گی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں اعللان کیا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کے بعد نیویارک منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں وفاقی تحویل میں رکھا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا وینزویلا کا انتظام اس وقت تک سنبھالے رکھے گا جب تک وہاں اقتدار کی محفوظ، مناسب اور منظم منتقلی مکمل نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس دوران حالات پر مکمل کنٹرول رکھے گا تاکہ دوبارہ بدامنی یا عدم استحکام پیدا نہ ہو۔

Donald Trump

US military

regime change

Nicolás Maduro

zohran mamdani

Venezuela Crisis