ذیابیطس کے مریضوں کے لیے واک کا بہترین وقت کون سا ہے؟

صحیح وقت پر واک کرنا بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
شائع 04 جنوری 2026 09:52am

آج کل کی بھاگتی دوڑتی زندگی اور خراب کھانے پینے کی عادات کی وجہ سے لوگ طرزِ زندگی سے جڑی بڑی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان بیماریوں میں ذیابیطس بھی شامل ہے۔

بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹر عموماً اچھی غذا کے ساتھ روزانہ تھوڑی واک کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ لیکن جب واک کی بات آتی ہے تو اکثر لوگ اس بحث میں پڑ جاتے ہیں کہ صبح کی واک بہتر ہے یا شام کی۔

کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ صبح کا وقت پرسکون، تازہ اور توانائی بخش ہوتا ہے، جبکہ کچھ کا ماننا ہے کہ پورے دن کی تھکن کے بعد شام کی واک زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔

ہندوستان ڈاٹ کام کے مطابق ڈایابیٹیز اسپیشلٹیز سینٹر کے صدر اور مشہور ذیابیطس ماہر ڈاکٹر موہن کے مطابق صرف واک کرنا ہی بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کے لیے کافی نہیں ہے بلکہ صحیح وقت پر واک کرنا آپ کے جسم کے انسولین سسٹم کو مضبوط بنانے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ شوگر لیول کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹر موہن کون سا وقت بہتر بتاتے ہیں۔

ڈاکٹر موہن کے مطابق صبح کی واک یا شام کی واک ہر شخص کے لیے یکساں فائدہ مند نہیں ہوتی۔ کچھ افراد صبح جلدی اٹھ کر واک کرنا پسند کرتے ہیں، جبکہ کچھ شام کو دن بھر کے کام کے بعد واک کرتے ہیں۔ اہم بات مستقل مزاجی ہے یعنی آپ اپنے لائف اسٹائل کے مطابق وقت منتخب کریں اور اس پر مستقل عمل کریں پھر فائدہ یقینا محسوس ہوگا۔

ڈاکٹر موہن خود صبح کی واک کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ، صبح کی تازہ ہوا بلڈ شوگر کے لیے مفید ہے۔ کم آلودگی کی وجہ سے سانس لینے میں آسانی ہوتی ہے، رات کی نیند کے بعد جسم اور دماغ تازہ ہوتے ہیں۔ صبح کا وقت جسم اور دماغ کو ضروری معلومات فراہم کرتا ہے، اس لیے ڈاکٹر موہن صبح کی واک کو ترجیح دیتے ہیں۔

آج کل کھانے کے بعد واک کرنے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔ ڈاکٹر موہن کا بھی یہی مشورہ ہے کہ ہر کھانے کے بعد 10–15 منٹ کی مختصر واک کریں، چاہے ناشتہ ہو، دوپہر کا کھانا یا رات کا کھانا۔

ان کے نزدیک کھانے کے بعد بلڈ شوگر میں فوری کمی ہوتی ہے، ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسمانی اور ذہنی توانائی میں اضافہ بھی ہوتا ہے


ڈاکٹر موہن کے مطابق، ذیابیطس کے مریضوں کے لیے روزانہ چلنا ضروری ہے۔ یہ فائدہ مند بھی رہتا ہے کیونکہ اس سے بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتا ہے، دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، وزن کنٹرول میں رہتا ہے اور مجموعی صحت مضبوط ہوتی ہے۔


اضافی تجاویز

واک کے دوران پانی پئیں تاکہ ہائیڈریشن برقرار رہے۔

ہلکی ورزش یا کھنچاؤ واک کے ساتھ شامل کرنے سے جسم میں بلڈ شوگر کا اثر اور کم ہوتا ہے۔

واپس گھر آ کر کھانے کے بعد آرام کریں تاکہ ہاضمہ بہتر ہو۔

روزانہ ایک ہی وقت پر واک کرنا معمول بنائیں تاکہ جسم کی بایولوجیکل گھڑی مستحکم رہے۔


ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ صحیح وقت اور مستقل واک ذیابیطس کنٹرول کے لیے صحیح خوراک اور ادویات کی طرح ہی اہم ہے۔

Walk

best time

morning or evening

diabetics