صدر ٹرمپ کی وینزویلا کے بعد کولمبیا پر بھی حملہ کرنے کی دھمکی

کولمبیا اس وقت ایک بیمار آدمی کے ہاتھوں چلایا جا رہا ہے، امریکی صدر
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2026 11:49am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے بعد کولمبیا پر بھی حملے کی دھمکی دے دی ہے۔ طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کولمبیا اس وقت ایک بیمار آدمی کے ہاتھوں چلایا جا رہا ہے اور موجودہ قیادت زیادہ عرصہ اقتدار میں نہیں رہ سکے گی۔

امریکی صدر نے کیوبا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا خود ہی گرنے کے قریب ہے اور ممکن ہے وہاں فوجی کارروائی کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور امریکہ تمام آپشنز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

نائن الیون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسامہ بن لادن کی گرفتاری کے آپریشن کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نائن الیون سے پہلے بھی وہ کہہ چکے تھے کہ اسامہ بن لادن کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے تھا۔وینزویلا کے معاملے پر ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں انتخابات مناسب وقت پر ہوں گے اور امریکہ اس عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے، جبکہ میکسیکو کو اپنا نظام درست کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

صدر ٹرمپ کے ان بیانات کو عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے ممکنہ ردعمل پر بھی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فوج کے اعلیٰ ترین انسدادِ دہشت گردی یونٹ ڈیلٹا فورس نے ہفتے کو وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس پر خفیہ کارروائی کر کے مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کر دیا تھا۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اب وینزویلا کو چلائے گا جب تک امن بحال نہ ہو جائے، اور ملک کے تیل کے ذخائر کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔

threatens

President Donald Trump

US Raid in Venezuela

against Colombia

military operation