انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر انڈر 19 سہ ملکی سیریز جیت لی
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2026 07:32pm

انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔

منگل کو ہرارے میں کھیلے گئے انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا، جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

زمبابوے کی بیٹنگ

انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، جو قومی ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوا جب کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے انڈر 19 ٹیم 44.4 اوورز میں 158 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستانی بولر عمر زیب نے ابتدائی اوورز میں ہی زمبابوے کے ٹاپ آرڈر کو آؤٹ کرکے میچ پر گرفت مضبوط کر لی، محض 15 رنز کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کی 5 وکٹیں گر چکی تھیں۔

زمبابوے کی جانب سے مائیکل بلگناٹ 60 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ بینی زوزے نے 16 اور لیروئے چیوولا نے 15 رنز بنائے، اس کے علاوہ ٹیٹینڈا چیموگورو 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ زمبابوے کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے عمر زیب نے 4، عبدالسبحان نے 2 جب کہ محمد صیام، دانیال علی خان اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی بیٹنگ

جواب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 159 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر16.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا اور زمبابوبے کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں جب کہ محمد شایان 38 اور عثمان خان 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

زمبابوے کی جانب سے لیروئے چِیوولا نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی انڈر 19 ون ڈے سیریز جیت کر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

محسن نقوی کی مبارکباد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سہ ملکی سیریز جیتنے پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ٹیم کی محنت، جذبے اور مہارت نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

محسن نقوی نے شاندار بیٹنگ کرنے پر جارح مزاج بیٹر سمیر منہاس کو سراہا، اور کہاکہ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے متاثر کن کھیل پیش کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کپتان فرحان یوسف سمیت دیگر کھلاڑیوں اور اسٹاف کو بھی بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب شاہینوں کی نظریں انڈر 19 ورلڈ کپ پر ہیں، اور امید ہے کہ یہ ٹیم اسی جذبے اور کھیل کے ساتھ آگے بھی کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔

odi cricket

pakistan vs zimbabwe

PAK WIN U 19 TRI SERIES

u19 tri nation series