چاروں صوبوں میں خون جما دینے والی سردی کا امکان، الرٹ جاری

گلگت بلتستان، بالائی علاقوں اور بڑے شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی، دھند اور بیماریوں کا خدشہ
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 10:10am

ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر داخل ہونے والی ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور دیگر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح کمی متوقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں سردی پوری شدت کے ساتھ برقرار ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان اور پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی خون جما دینے والا موسم متوقع ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ دنوں میں کوئٹہ، زیارت اور قلات میں سردی مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سانس کے امراض میں اضافے اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے روزمرہ معمولات اور ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی کے شہریوں کو بھی سرد موسم کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور جمعرات سے رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ ہفتے اور اتوار کی رات درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں جانے کا امکان ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی کم ترین درجہ حرارت کی صورتحال کے مطابق آج لہہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا۔ زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 جبکہ استور میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات اور کالام میں منفی 7 اور اسکردو میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گر گیا۔ گوپس میں منفی 5 جبکہ ہنزہ، مالم جبہ، پاراچنار، کوئٹہ اور نتھیا گلی میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ سردی ریکارڈ کی گئی۔

این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم کپڑوں کے استعمال اور خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شدید سردی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

Cold Weather

Met Office

Extremely Cold Winter