وینزویلا کے بعد گرین لینڈ امریکا کے نشانے پر، فوجی آپشنز پر غور شروع
امریکی صدر نے وینزویلا پر چڑھائی کے بعد گرین لینڈ پر نظریں جما دی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ حاصل کرنے کے لیے فوجی آپشنز سمیت تمام ممکنہ راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔
وینزویلا کے بعد امریکا کا نیا ہدف گرین لینڈ بن گیا ہے، جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حاصل کرنے کے لیے فوجی آپشنز سمیت تمام ممکنہ راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس کے جواب میں 7 یورپی ممالک نے گرین لینڈ کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مستقبل کا فیصلہ صرف گرین لینڈ اور ڈنمارک کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ گرین لینڈ کو حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے خریداری یا آزادانہ وابستگی کے معاہدے کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق گرین لینڈ حاصل کرنا امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کی ترجیح ہے۔
ادھر سات یورپی ممالک، فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، اسپین، برطانیہ اور ڈنمارک نے مشترکہ بیان جاری کر کے کہا ہے کہ گرین لینڈ کا مستقبل کا فیصلہ صرف گرین لینڈ اور ڈنمارک کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آرکٹک کی سیکیورٹی نیٹو اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہونی چاہیے اور یو این چارٹر کے اصولوں اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔
گزشتہ روز گرین لینڈ کی وزیراعظم جنز فریڈرک نیلسن نے صدر ٹرمپ پر واضح کیا تھا کہ گرین لینڈ کبھی امریکا کا حصہ نہیں بنے گا اور اس کا موازنہ وینزویلا سے نہیں کیا جا سکتا۔














