انٹرنیشنل ٹیموں کے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر کرکٹرز کو بھارتی ویزے میں مشکلات کا سامنا
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں میں شامل پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر کھلاڑیوں کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس پر پانچ کرکٹ بورڈز نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک بعض ٹیموں میں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس صورتحال پر کینیڈا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کرکٹ بورڈز نے آئی سی سی سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا ہے۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زمبابوے اور عمان کے کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے پر آئی سی سی کو آگاہ کر دیا ہے۔ یوں مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں شریک پانچ ٹیموں کے بورڈز نے ویزا مسائل پر آئی سی سی سے رجوع کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تاحال پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر کھلاڑیوں کے ویزوں کے حوالے سے آئی سی سی کو کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی۔ اس صورتحال کے باعث متاثرہ ٹیموں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے معاملے پر متعلقہ حکام سے رابطے اور ممکنہ حل پر مشاورت جاری ہے، تاہم ویزوں کے مسئلے پر تاحال کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
















