پنجاب میں گیس لیکج کے واقعات میں اضافہ، بزرگ جوڑا جاں بحق
پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس لیکج کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں پیش آنے والے الگ الگ حادثات میں ایک بزرگ جوڑا جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت دس افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
حاصل پور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک گھر کے اندر الیکٹرک ہیٹر سے رضائی کو آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 90 سالہ گاما مائی اور 88 فلک شیر شدید جھلس گئے۔ دونوں کو فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سرگودھا میں ایک اور واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے سے میاں بیوی اور ان کے پانچ بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔
اہلِ محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اسی طرح حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس سے ایک مکان کی چھت اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔
دھماکے کے نتیجے میں گھر میں موجود ماں اور اس کی دو بیٹیاں جھلس کر زخمی ہو گئیں، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔













