کراچی میں 100 سے زائد بچوں سے بدفعلی کرنے والا ’سیریل ریپسٹ‘ گرفتار
کراچی میں پولیس کی ایسٹ انویسٹگیشن ون ٹیم نے ٹیپو سلطان کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک سیریل ریپسٹ کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے 100 سے زائد بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم نے متاثرہ بچوں کی نشاندہی پر کارروائی کی۔ پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزمان میں عمران اور وقاص خان شامل ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انویسٹگیشن عثمان سدوزئی کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران سات شکایات پولیس میں رپورٹ ہوئیں، اور تمام کیسز میں ایک ہی شخص کا ڈی این اے ملا، جس سے پولیس بھی چونک گئی۔
عثمان سدوزئی نے بتایا کہ متاثرہ تمام بچے 12 سے 13 سال کے ہیں، اور ایک کیس میں بچے کے ساتھ دو سے زائد افراد نے زیادتی کی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے چھ جنوری کو اس تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا تاکہ تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔
عثمان سدوزئی نے واضح کیا کہ تمام کیسز میں فوری طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا، اور ثبوتوں کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس نے ماشاءاللہ بہت اچھا کام کیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بدقسمتی سے اس طرح کے کیسز سے ہمارے معاشرے کا بھیانک روپ سامنے آتا ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی پولیس نے اس کیس میں اچھی کامیابی حاصل کی ہے اور اس کیس کو مثالی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
بچوں سے بدفعلی کے کیس میں گرفتاری پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کو شاباش دی ہے اور اسے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بچوں سے زیادتی کسی صورت قبول نہیں اور شہر میں کسی درندے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی تک صرف سات متاثرین سامنے آئے ہیں، لیکن پولیس کو باقی متاثرین کو بھی تلاش کرنا چاہیے تاکہ تمام متاثرہ بچوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت دی کہ ملزم کے خلاف شواہد کی بنیاد پر مقدمہ عدالت میں لے جایا جائے اور کیس کی پیشرفت کی رپورٹ یومیہ بنیادوں پر وزیراعلیٰ کو فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے حکومت سندھ پہلے ہی مختلف اقدامات کر چکی ہے اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملزمان کو سزا دلوانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں بچوں کے خلاف جرائم کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہو گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مراد علی شاہ کے مطابق حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر متاثرہ بچے کو انصاف ملے اور شہر میں محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

















