ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار، اسکردو میں پارہ منفی 9 تک پہنچ گیا
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر نے نظامِ زندگی کو جکڑ لیا ہے اور برفانی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ سکردو میں پارہ منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کے بعد سردی کی شدت غیر معمولی ہو گئی ہے جبکہ مختلف پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں بالائی خطوں میں داخل ہو چکی ہیں جس کے نتیجے میں بادل، بارش اور برفباری کا نیا اسپیل شروع ہوا ہے۔ استور، بابو سر ٹاپ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف پڑ رہی ہے جس سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ شدید برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور آمدورفت متاثر ہونے سے مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات اور استور میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ میدانی علاقوں میں بھی سردی برقرار ہے، اسلام آباد میں پارہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ 20 سے23 جنوری کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سرد موسم کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور سردی میں اضافہ متوقع ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند بدستور چھائی ہوئی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ کم اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت بھی کی ہے کیونکہ آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔














