شمالی کوریا: صنعتی منصوبے میں ناکامی، کِم جونگ اُن نے نائب وزیراعظم کو ہٹا دیا

کِم جونگ اُن نے نائب وزیراعظم کو ایک صنعتی منصوبے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے برطرف کر دیا ہے
شائع 20 جنوری 2026 08:07pm

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایک اہم صنعتی منصوبے میں خرابی سامنے آنے پر نائب وزیراعظم کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کِم جونگ اُن نے نائب وزیراعظم یانگ سنگ ہو کو ایک صنعتی منصوبے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے برطرف کر دیا ہے۔ یانگ سنگ ہو مشین سازی کی صنعت کے نگران تھے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کی حکمران پارٹی کی اعلیٰ سطح میٹنگ قریب ہے، جو پانچ سال بعد منعقد ہو رہی ہے اور اسے شمالی کوریا کی سب سے بڑی سیاسی سرگرمی شمار کیا جاتا ہے۔ جس میں منصوبوں کے جائزے، نئی سیاسی و معاشی پالیسیوں کی تشکیل اور عہدوں میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔

کم جونگ اُن نے پیر کو شمال مشرقی علاقے میں واقع ’ریونگ سنگ مشین کمپلیکس‘ کی اپگریڈیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دار اور نااہل لوگوں نے اس منصوبے کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔

کم جونگ اُن نے کہا کہ انہوں نے دسمبر میں پارٹی اجلاس کے دوران بھی یانگ سنگ ہو کو تنبیہ کی تھی اور حکام کی ان کی کارکردگی پر نظر رکھنے کا کہا تھا تاہم ان میں ذمہ داری کا احساس نظر نہیں آیا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کام کے لیے وہ ایسے تھے جیسے بیل گاڑی کھینچنے کے لیے بکرے کو جوت دیا جائے۔ کیا ہم بکرے سے بیل کا کام لے سکتے ہیں؟‘۔

شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی جانب سے اعلیٰ حکام پر سرعام تنقید اور برطرفی عام بات ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا مقصد حکام کو دباؤ میں رکھنا اور پارٹی میٹنگ سے قبل بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔