سابق کرکٹر عبدالقادر کا بیٹا گھریلو ملازمہ سے مبینہ جنسی زیادتی کرنے پر گرفتار
لاہور میں سابق کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
متاثرہ لڑکی کی درخواست پر تھانہ برکی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
سلمان قادر کو گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے.
پولیس کے مطابق 21 سالہ متاثرہ گھریلو ملازمہ نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سلمان قادر نے انہیں فون کر کے کام پر جلدی آنے کے لیے بلایا۔
متاثرہ لڑکی جب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ پر پہنچی تو ملزم انہیں گاڑی میں بٹھا کر اپنے فارم ہاؤس لے گیا، جہاں ان کے ساتھ زبردستی مبینہ زیادتی کی گئی۔
ایف آئی آر تھانہ برکی میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کی گئی۔ واقعے کی اطلاع 15 کی ایمرجنسی کال کے ذریعے موصول ہونے پر پولیس نے فوری ایکشن لیا۔
ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او برکی عمران نواز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کے بیان کی روشنی میں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ جنسی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کو طبی معائنے اور قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد ملزم کو قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سلمان قادر سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہ چکے ہیں اور وہ معروف سابق قومی کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے ہیں۔
















