ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت میں خواجہ نافع کا خوف

سابق بھارتی کھلاڑی نے خواجہ نافع سے متعلق پوسٹ شئیر کردی
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2026 02:55pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس کا پاکستانی شائقینِ کرکٹ کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اسکواڈ میں خواجہ محمد نافع کی شمولیت نے بھارتیوں کو متوجہ کردیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں صائم ایوب، فخر زمان، خواجہ نافع اور عثمان خان کو بیٹنگ کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے۔

آل راؤنڈرز اور باؤلرز میں شاداب خان، ابرار احمد، محمد نواز، فہیم اشرف اور محمد سلمان مرزا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق اور نسیم شاہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بابراعظم کی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی فاسٹ بولر حارث رؤف اس مرتبہ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے، فاسٹ بولنگ یونٹ میں نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

تاہم پورے اسکواڈ میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بننے والے کھلاڑی خواجہ محمد نافع ہیں جن پر بھارت کی بھی نظریں ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی روی چندرن اشوِن نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کی تصویر ری شئیر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا: ”خواجہ محمد نافع ایک ایسے کھلاڑی ہیں جن پر اس ورلڈ کپ میں نظر رکھنا ضروری ہے۔“

خواجہ محمد نافع نے رواں ماہ 11 جنوری کو دمبولا میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا۔

اس سے قبل خواجہ نافع پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پی ایس ایل میں ان کے 12 میچوں میں 234 رنز ہیں۔ اس کے علاوہ خواجہ نافع بنگلادیش پریمیئر لیگ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔