بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک، 10 جوان زخمی
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ کارروائی کے دوران 10 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
منگل کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہد رند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی نے پشین میں کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، جس میں راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ اور کلاشنکوف شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والے جدید اسلحے کا فرانزک کرایا جائے گا جب کہ دہشت گردوں کے پاس اس نوعیت کا جدید اسلحہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے۔
اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 10 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے، ڈی سی پشین اور ان کی ٹیم نے کارروائی میں بھرپور تعاون کیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کو پیغام دیا کہ وہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے کہا کہ ریاست کے سامنے کھڑے ہونے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور دہشت گردی پھیلانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔













