تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت ساڑھے 5 لاکھ روپے سے اوپر چلی گئی
ملک میں سونے کی مقامی اور عالمی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
صرافہ بازار کے مطابق فی تولہ سونا 21 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے، جو ملکی تاریخ میں پہلی بار ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 10 گرام سونا 18 ہزار 90 روپے مہنگا ہو کر پہلی مرتبہ 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے تک جا پہنچا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی ہے، جہاں سونا 211 ڈالر کے اضافے کے بعد 5 ہزار 293 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی طرف رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس قدر تیز اضافے کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں واضح کمی آئی ہے، جبکہ عام خریدار کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے
دوسری جانب سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ سمجھتے ہوئے اس میں دلچسپی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

















