فلم ’ہیرا پھیری 3‘ میں تاخیر اکشے کمار کی وجہ سے ہو رہی ہے: پریش راول
’ہیرا پھیری‘ فرنچائز ہندی سینما کی سب سے مشہور اور یادگار سیریز میں سے ایک ہے۔ پہلی دو فلمیں زبردست ہٹ رہیں اور خاص طور پر پہلی فلم نے سالوں بعد بھی کلٹ اسٹیٹس حاصل کیا۔ تاہم، ’ہیرا پھیری 3‘ کے اعلان کے بعد سے فلم کئی تنازعات اور قیاس آرائیوں کے گرد گھومتی رہی۔
پریش راول نے اچانک فلم چھوڑ دی اور بعد میں ان کے ساتھی اداکار اور پروڈیوسر اکشے کمار نے 25 کروڑ روپے کے مقدمے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ اس کے بعد مداح اور میڈیا دونوں ہی فلم کے مستقبل کے بارے میں تذبذب کا شکار ہو گئے تھے۔
حال ہی میں پریش راول نے دی لواری شو میں ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ فلم بن رہی ہے اور اس کی تاخیر صرف اکشے کمار اور پروڈیوسرز کے درمیان تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہوئی۔
راوال نے کہا، ’یہ سب غلط فہمیاں ہیں کہ میں کسی تنازع میں ہوں۔ جب اکشے اور پروڈیوسرز کا مسئلہ حل ہو جائے گا میں فوراً کاغذات پر دستخط کر دوں گا۔ جو کچھ بھی ہوا، جیسے اکشے کمار نے مجھے 25 کروڑ کے لیے کیس کیا، وہ سب ٹھیک ہے۔ یہ بس ایک چھوٹا سا مسئلہ تھا، اب سب حل ہو جائے گا۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ، ’میں دعویٰ سے کہہ رہا ہوں کہ فلم کے مشہور کردار بابوراو کے بغیر فلم بنائی گئی تو یہ فلم کے لیے تباہی ہوگی۔‘
‘ہیرا پھیری‘ فرنچائز کی شروعات مالیالم فلم رام جی راؤ اسپیکنگ سے ہوئی تھی اور یہ سیریز بھارت کی سب سے زیادہ یاد کی جانے والی مزاحیہ فلموں میں شامل ہوگئی۔
سیکوئل ’پھرہیرا پھیری (2006)‘ راجو، شیم اور بابوراو کی کہانی کو مزاحیہ انداز میں آگے بڑھاتا ہے اور تینوں اداکاروں کی کیمسٹری فرنچائز کی پہچان بن گئی۔
پریش راول کی تازہ وضاحت کے مطابق، ’ہیرا پھیری 3‘ کی شوٹنگ اور ریلیز کی تیاریاں جلد ہی شروع ہو جائیں گی، بس اکشے کمار اور پروڈیوسرز کے تکنیکی مسئلے کا حل باقی ہے۔
مداح اب بھی بے حد پرجوش ہیں اور بابوراو کے مزاحیہ انداز کو دوبارہ سنیما میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
















