گھر میں اکیلے ہوں اور دل کا دورہ پڑ جائے تو کیا کریں؟

چند منٹ کی تاخیر موت کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔
شائع 31 جنوری 2026 12:47pm

آج کل دل کے دورے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر 40 سال کے آس پاس کے نوجوان افراد اس کی زد میں زیادہ آ رہے ہیں۔ کئی بار دل کا دورہ اچانک آتا ہے اورایسے میں آپ گھر میں اکیلے ہوں تو بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے جان جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ایسے میں یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ اگر کوئی شخص گھر میں اکیلا ہو اور دل کے دورے کی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔

اکثر لوگ دل کے دورے سے پہلے کچھ وارننگ علامات محسوس کرتے ہیں، لیکن انہیں نظرانداز کر دیتے ہیں۔ سب سے عام علامت سینے میں دباؤ یا بھاری پن ہے، جسے اکثر جلا ہوا یا سکڑتا ہوا محسوس کیا جاتا ہے۔ یہ درد جبڑا، گردن، کندھا، بازو یا پیٹھ تک بھی پھیل سکتا ہے۔

دیگر علامات میں سانس لینے میں دشواری، متلی، چکر آنا اور پسینہ آنا شامل ہیں۔

خواتین اور ذیابیطس کے مریضوں میں علامات مختلف بھی ہو سکتی ہیں، جیسے تھکن، بدہضمی یا پیٹھ کے اوپری حصے میں درد۔

ان ابتدائی علامات کو پہچان کر فوری مدد طلب کرنا سب سے اہم قدم ہے۔

امریکا کے معروف کارڈیو ویسکولر سرجن ڈاکٹر جرمی لندن نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے ایسی صورتحال میں جان بچانے کے لیے اہم مشورے دیے ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق سب سے پہلا اور سب سے ضروری قدم یہ ہے کہ جیسے ہی سینے میں شدید درد، سانس میں دقت، پسینہ یا بے چینی محسوس ہو تو فوراً ایمرجنسی نمبر پر کال کریں اور اپنی حالت واضح طور پر بتائیں۔ چند منٹ کی تاخیر موت کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔

اگر آپ اکیلے ہیں تو فون اپنے قریب رکھیں اور کسی پڑوسی یا رشتہ دار کو فوری اطلاع دیں۔ اگر آپ بول نہیں سکتے تو فون اسپیکر پر لگا کر ہیلپ لائن، رشتہ دار یا پڑوسی کو پیغام بھیجیں تاکہ جلد مدد پہنچ سکے۔

اسپرین کو چبا لیں

اگر دستیاب ہو تو اسپرین کی گولی کو نگلنے کے بجائے اچھی طرح آہستہ آہستہ چبا کر کھائیں۔

ڈاکٹر کے مطابق اسپرین خون کو پتلا کرنے میں مدد دیتی ہے اور دل کی شریانوں میں خون جمنے کے عمل کو سست کر سکتی ہے، جس سے دل کے دورے کی شدت کم ہو سکتی ہے۔ یہ علاج نہیں، مگر ابتدائی مدد ضرور ہے۔

یہ صرف ان لوگوں کے لیے ہے جنہیں اسپرین سے الرجی نہیں ہے اور جنہیں خون بہنے کی کوئی بیماری نہیں۔ یقین نہ ہو تو صرف ایمرجنسی آپریٹر یا ڈاکٹر کی ہدایت پر لیں۔

گھر کے دروازے اور لائٹس کھول دیں

اگر آپ اکیلے ہیں تو گھر کے دروازے ان لاک کریں اور لائٹس آن کر دیں۔ بہتر ہے کہ داخلی دروازہ کھلا رکھیں تاکہ ایمرجنسی ٹیم یا مدد پہنچنے والوں کو اندر آنے میں دشواری نہ ہو۔

بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں

دل کے دورے کے دوران بے ہوشی کا خطرہ ہوتا ہے۔ اچانک گرنے سے سر یا جسم کو شدید چوٹ لگ سکتی ہے، جو حالت کو مزید خراب کر سکتی ہے۔ اس لیے فوراً کسی محفوظ جگہ پر بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں۔

کسی قریبی شخص کو اطلاع دیں

جب تک ہوش میں ہیں، کسی قریبی رشتہ دار یا دوست کو فون کریں جو جلد آپ تک پہنچ سکے۔ بہتر ہے کہ کال پر رابطہ برقرار رکھیں تاکہ انہیں آپ کی حالت کا اندازہ رہے اور وہ بروقت مدد کا بندوبست کر سکیں۔

دل کا دورہ ایک انتہائی نازک صورتحال ہے، مگر سمجھداری، حوصلے اور بروقت فیصلوں سے جان بچائی جا سکتی ہے۔

ان بنیادی اقدامات سے ایمبولینس یا ڈاکٹر کے پہنچنے تک خود کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔