تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کے لیے رنز 208 کا ہدف

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔
اپ ڈیٹ 01 فروری 2026 05:54pm

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے رنز 208 کا ہدف دے دیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے آج اوپنر صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدائی اوورز میں ہی 14 کے اسکور پر فخر زمان 7 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد 34 کے اسکور پر کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 3 گیندوں پر 5 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوابیٹھیں۔

تیسری وکٹ پر صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان شاندار 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا اسکور 103 تک پہنچایا تاہم صائم ایوب کیچ آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 56 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جب کہ خواجہ نافے نے 12 گیندوں پر 21 رنز بناکر چلتے بنے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور شاداب خان نے پانچویں وکٹ پر 57 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور 188 تک پہنچایا تو شاداب خان 19 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور صرف 5 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

دوسری طرف بابراعظم نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ فہیم اشرف نے بھی ان کا ساتھ دیا اور 4 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پاکستان کا اسکور 200 سے زائد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے بین دوارشوئس نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ میتھیو کوہن مین، میتھیو شورٹ، کوپر کنولی اور کیمرون گرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، گرین شرٹس کی اننگز میں مجموعی رن ریٹ 10.35 رہا، اور آخری اوورز میں اضافی 4 رنز شامل ہوئے۔ یوں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف ملا۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں ہیں، فخر زمان ، خواجہ نافع اور شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ پہلے10 اوور کے بعد سلوہوجاتی ہے، کوشش ہے پاورپلے میں زیادہ رنز بنائیں، پچھلے میچز میں سپنرز کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے، پاکستان ٹیم کے پاس پانچ اعلیٰ معیار کے اسپن بولرز موجود ہیں، آخری میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، خواجہ نافے، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد ٹیم میں شامل ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

آسٹریلیا کی ٹیم میں مچل مارش (کپتان)، میتھیو شارٹ، کیمرون گرین، میٹ رینشا، مارکس اسٹوئنس، جوش فلپ (وکٹ کیپر)، مچل اوون، کوپر کونولی، بین دوارشوئس، میتھو کوہن مین اور ایڈم زمپا ٹیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے 2 میچز جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے فتح حاصل ہوئی تھی۔