بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا تعاقب جاری، مزید 22 دہشت گرد جہنم واصل

آپریشنزمیں اب تک 177 دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا جا چکا ہے
شائع 02 فروری 2026 02:08pm

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں اور اس دوران 3 دنوں میں 177 دہشت گرد جہنم واصل کردیئے گئے۔

سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کیے گئے تعاقبی آپریشنز کے دوران مزید 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران مختلف علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 177 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ یہ آپریشنز دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیے جا رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس نے مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے مختلف مقامات پر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور علاقے کو مرحلہ وار کلیئر کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جاری کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مزید نقصانات پہنچنے اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، تاہم ان کی حتمی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

حکام کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی آپریشنز جاری رہیں گے۔