بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارت اور غیر ملکی سہولت کاری بے نقاب
بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارت اور غیر ملکی سہولت کاری بے نقاب ہوگئی ہے۔
حالیہ دہشت گردی بلوچستان کے استحکام کے خلاف ایک بیرونی منظم سازش کی کڑی ہے، شواہد سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ ان حملوں کے پس پردہ بھارت اورغیرملکی عناصر کا گٹھ جوڑ اور سہولت کاری شامل ہے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور دیگر ساز و سامان غیر ملکی ساختہ ہے، جن کی مالیت لاکھوں میں ہے، ہلاک ہر دہشت گرد کو 20 سے 25 لاکھ روپے کے اسلحے اور ساز و سامان سے لیس کیا گیا۔
اس کے علاوہ برآمد ہونے والے بیرونی ساختہ اسلحے میں M16 اور M4 جیسی رائفلز، راکٹ لانچرز، ایمنگ لیزر اور نائٹ ویژن گوگلز شامل ہیں۔
دہشت گرد بیرونی ساختہ کمبٹ گیرز، بندولئرز، بلٹ پروف جیکٹس اور وائرلیس سیٹس سے بھی لیس پائے گئے، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گردوں سے بے حس کرنے والی نشہ آور ادویات اور انجکشن بھی برآمد ہوئے۔
دفاعی ماہرین نے سوال اٹھایا کہ احساس محرومی اور لاپتہ افراد کا جھوٹا بیانیہ گھڑنے والے دہشتگردوں کے پاس لاکھوں مالیت کا اسلحہ اور سامان کی سہولت کاری کون کر رہا ہے؟۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے سیکیورٹی مشیر اجیت ڈوول کا پاکستان کو بلوچستان سے محروم کرنے کی دھمکی والا بیان ان شواہد پر مہر ثبت کرتا ہے۔
بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی عالمی سطح پر مذمت
دوسری جانب بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے، بھارت اور فتنہ الہندوستان کا گٹھ جوڑایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔
امریکا، چین، روس، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کی جانب سے ان حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملوں کی ناصرف شدید مذمت کرتا ہے بلکہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی میں شریک ہے۔
چین کی جانب سے بھی بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات کی شدید مذمت کے ساتھ ساتھ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
چین نے واضح کیا کہ چائنا ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہوئے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
روس کی جانب سے بھی بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس کے علاوہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک نے بھی بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔














