وزیراعظم اور صدر مملکت کی طارق رحمان کو بنگلہ دیش انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

یہ انتخابی عمل بنگلہ دیشی عوام کی جمہوری وابستگی کا مظہر ہے، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 13 فروری 2026 12:33pm

بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی بڑی کامیابی کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بی این پی رہنما طارق رحمان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بنگلہ دیش میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام کو بھی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ انتخابی عمل بنگلہ دیشی عوام کی جمہوری وابستگی کا مظہر ہے۔

شہباز شریف نے نئی بنگلہ دیشی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنگلادیشی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نئی قیادت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ علاقائی سطح پر مثبت پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بنگلا دیش کے انتخابات میں بی این پی کی کامیابی پر طارق رحمان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور جمہوری شراکت داری کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔