ٹی 20 ورلڈ کپ: سپر ایٹ تک پہنچنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف لازمی فتح درکار
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان آج کھیلے جانے والے اہم میچ میں بارش کا امکان ہے جب کہ میچ بارش کی نذر ہوا تو بھی پاکستان اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا جب کہ اپ سیٹ شکست ہوئی تو امریکا کی ٹیم آگے بڑﮪ جائے گی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا آخری گروپ میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گی، سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے گرین شرٹس کو لازمی فتح درکار ہے۔
15 فروری کو بھارت کے خلاف 61 رنز کی بدترین شکست کے بعد پاکستان کے لیے یہ مقابلہ فیصلہ کن بن گیا ہے اور قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں جگہ یقینی بنانے کے لیے نمیبیا کے خلاف کامیابی درکار ہے۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے میزبان شہر کولمبو میں بارش کا واضح امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق کولمبو میں میچ کے روز 50 سے 60 فیصد بارش کا امکان ہے اور موسم ابر آلود رہنے کی پیش گوئی ہے جب کہ 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اس وقت تین میچز میں دو فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.403 ہے جو امریکا سے بھی کم ہے تاہم اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا اور پاکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔

البتہ پاکستان کی نمیبیا کے ہاتھوں شکست کی صورت میں امریکا چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 7 فروری کو ہونے والے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
اس میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 148 رنز کا مطلوبہ ہدف فہیم اشرف کی 29 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔
اسی طرح 10 فروری کو پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں امریکا کو باآسانی 32 رنز سے شکست دے کر 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ہار کا بدلہ لیا تھا۔
اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں امریکا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بناسکی تھی۔















