باجوڑ میں ابابیل اسکواڈ پر حملہ، چار اہلکار شہید، دو زخمی

شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
شائع 26 فروری 2026 08:22am

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں پولیس کے ابابیل اسکواڈ پر مسلح افراد کے حملے میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار رمضان المبارک کے دوران معمول کے گشت پر تھے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے اچانک پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں چار اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کی شناخت ارشاد خان اور عزیزالرحمان کے نام سے ہوئی ہے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل یار زادہ، داؤد خان، عمران اور سراج شامل ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں اعلیٰ پولیس افسران اور سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی پولیس کے خصوصی اسکواڈ کے ہمراہ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیے گئے جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔