ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جامع کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن میں مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں تازہ آپریشن کے دوران مختلف راستوں پر چھپے خوارج کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارر وائی 24 فروری کو ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے تسلسل میں کی گئی، جس میں 8 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے، علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
وزیرداخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو بھی سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے۔













