پاکستان سے روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والوں کی شرح میں 19 فیصد اضافہ
وزارت خزانہ کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ کے مطابق روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والوں کی شرح میں 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ جنوری میں 75 ہزار 663 ورکرز نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جنوری میں بیرون ملک جانے والوں کی تعداد 63 ہزار 559 تھی، ملکی معیشت کی ترقی کے امکانات بہتر ہوئے ہیں، میکرو اکنامک استحکام اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی، عوام کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج فراہم کیا گیا ہے۔
رواں ماہ مہنگائی 6 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ جنوری 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد ریکارڈ کی گئی، جیو پولیٹیکل غیریقینی اورعالمی اجناس کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ خطرہ قرار دیا گیا۔
وزارت خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق حکومت کی آمدن اور اخراجات کا توازن بہتر ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں اور روپے کی قدر مستحکم رہی، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، سستے قرضوں سے کاروبار میں آسانی ہوئی، چھ ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.8 فیصد بہتری آئی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر میں 11.3 فیصد اضافہ کیا گیا، جولائی تا جنوری ترسیلات زر کا حجم 23.2 ارب ڈالر رہا، اسی عرصے میں برآمدات 5.5 فیصد کمی سے 8.3 ارب ڈالر رہیں، سات ماہ میں درآمدات میں 9.8 فیصد اضافہ ریکارڈ ہواہے، جولائی تا جنوری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 41 فیصد کمی سے 98 کروڑ ڈال ررہی، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11.2 ارب سے بڑھ کر 16.2 ارب ڈالر ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھ ماہ میں ٹیکس ریونیو 10.5 فیصد اضافے سے 7 ہزار 176 ارب روپے رہا، نان ٹیکس ریونیو 6.8 فیصد کمی سے 3 ہزار 847 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کم ہو کر 638 ارب روپے تک محدود رہا ہے تاہم پالیسی ریٹ کم ہو کر 10.5 فیصد کی سطح پرآگیا۔
اس طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج 48 فیصد بہتری سے 1 لاکھ 68 ہزار 893 پوائنٹس پر آگئی، نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ اور 25 ہزار 554 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
















