پاک فوج کی افغان طالبان کے خلاف جوابی کارروائی، اہم چیک پوسٹیں، بریگیڈ ہیڈکوارٹر اوراسلحہ ڈپو تباہ
افغانستان سے دہشت گردی اور بلااشتعال جارحانہ حرکتوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے آپریشن غضب للحق جمعے کے روز بھی جاری ہے۔ پاک فوج نے افغانستان کے صوبہ لغمان میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں ایک بڑا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر، ننگرہار بریگیڈ اور متعدد مقامات پر چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دیں۔
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے جمعرات کی رات سے بلااشتعال جارحیت اور فائرنگ کے جواب میں افواجِ پاکستان کی ”آپریشن غضب للحق“ کے تحت انتہائی مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور طالبان کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی کارروائی کے نتیجے میں افغانستان کے صوبہ لغمان میں افغان طالبان کا بڑا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر، ننگرہار بریگیڈ اور ٹینک مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں، ان ٹھکانوں کو سرحدی جارحیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے سرحد کے مختلف مقامات پر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جس پر پاکستانی مسلح افواج نے فوری اور مربوط ردعمل دیا۔ زمینی سرحدوں پر جاری جھڑپوں کے ساتھ ساتھ فضائی کارروائیوں نے دشمن کی دفاعی لائن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائیاں جاری دکھتے ہوئے مہمند سیکٹر کے قریب افغان چیک پوسٹ کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر طالبان کی متعدد چیک پوسٹیں جن میں افغان فوجی آریانہ کمپلیکس اور دبگئی چیک پوسٹ بھی مکمل طور پر ختم ہو گئی ہیں۔ پولیس ہیڈکوارٹر اور ذاکر خیل پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد افغان طالبان فورسز کو چیک پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور بلا اشتعال جارحیت کے خلاف بھرپورجوابی کارروائی کے لیے پرعزم ہیں، پاکستانی سیکیورٹی فورسزعالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے صرف افغان فوجی اہداف کو نشانہ بنارہی ہیں، آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔













