ٹی 20 ورلڈ کپ: ایک اور پاک بھارت ٹاکرے کا امکان، مگر کیسے؟
بھارت اور پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں دوبارہ آمنے سامنے آ سکتے ہیں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے آخری دو دن آ گئے ہیں، اور سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کا فیصلہ جلد ہوجائے گا۔
بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق گروپ 1 سے جنوبی افریقہ اور گروپ 2 سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، لیکن ہر گروپ کے دوسرے سیمی فائنل کے امیدوار ابھی بھی متعین نہیں ہوئے ہیں۔ گروپ 1 میں بھارت اور ویسٹ انڈیز، جبکہ گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کی دوڑ میں ہیں۔
سپر 8 گروپ 1 میں جنوبی افریقہ کے 2 میچز میں 4 پوائنٹس اور 2.890 پلس نیٹ رن ریٹ ہے، ویسٹ انڈیز کے 2 پوائنٹس اور 1.791 پلس کا نیٹ رن ریٹ ہے۔ جبکہ بھارت کے 2 پوائنٹس اور مائنس 0.100 کا نیٹ رن ریٹ ہے، اور زمبابوے کے صفر پوائنٹس کے ساتھ مائنس 4.475 کا رن ریٹ ہے۔
یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا جبکہ بھارت ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گا۔ انڈیا کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری میچ جیتنا لازمی ہوگا۔
اُدھر سپر 8 کے گروپ 2 میں انگلینڈ کے 3 میچز میں 6 پوائنٹس اور پلس 1.096 رن ریٹ ہے، نیوزی لینڈ کے 3 پوائنٹس کے ساتھ پلس 1.390 نیٹ رن ریٹ ہے جبکہ پاکستان کے 2 میچز میں 1 پوائنٹ اور مائنس 0.461 کا نیٹ رن ریٹ ہے اور سری لنکا کے پاس صفر پوائنٹس کے ساتھ مائنس 2.800 کا نیٹ رن ریٹ موجود ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ نیوزی لینڈ کو پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ میں پیچھے چھوڑنے کے لیے پاکستان کو محض جیتنا نہیں بلکہ قائل کن انداز میں جیتنا ضروری ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق نیوزی لینڈ کو نیٹ رن ریٹ میں پیچھے چھوڑنے کے لیے پاکستان نے سرلی لنکا کو 65 سے زائد رنز سے ہرانا ہوگا یا ہدف 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا، تاہم اصل اعداد و شمار پہلے اننگز کے بعد واضح ہوں گے۔
سیمی فائنل میں سپر 8 گروپ 1 کی پہلی پوزیشن والی ٹیم گروپ 2 کی دوسری پوزیشن والی ٹیم سے اور گروپ 2 کی پہلی ٹیم گروپ 1 کی دوسری ٹیم سے آمنے سامنے آئے گی۔
اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں اور اپنے اپنے سیمی فائنل جیتیں تب فائنل میں بھارت اور پاکستان کا سامنا ہو سکتا ہے۔
کم امکانات لیکن ممکنہ صورت میں اگر زمبابوے اتوار کو جنوبی افریقہ کو بہت بڑے مارجن سے ہرا دے تو جنوبی افریقہ کا نیٹ رن ریٹ کم ہو جائے گا اور وہ 4 پوائنٹس پر ہی رُک جائے گا۔
اگر اس کے بعد بھارت ویسٹ انڈیز کو بہت بڑے مارجن سے ہرا دے تو دونوں ٹیمیں 4 پوائنٹس پر برابر ہو جائیں گی اور انڈیا ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ کا نیٹ رن ریٹ پیچھے چھوڑ کر گروپ میں اوپر آسکتا ہے۔
اس صورت میں پاکستان گروپ میں دوسری پوزیشن پر رہے گا، اور سیمی فائنل میں انڈیا بمقابلہ پاکستان ممکن ہوگا۔
تاہم اس منظرنامے کے حقیقت میں ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق اگر انڈیا اور پاکستان سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے تو یہ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیمی فائنل 2 ممبئی میں ہوگا اگر انڈیا کسی اور ٹیم کے خلاف سیمی فائنل میں کھیلے۔
















