مجھے بتایا گیا ہے کہ ہم نے ایران کے 9 بحری جہاز تباہ کر دیے، ٹرمپ

ہم ایران کے باقی جہازوں کے پیچھے بھی جائیں گے، ٹرمپ
شائع 01 مارچ 2026 11:51pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں ایران کا نیوی ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا گیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایران کے کچھ جہاز بڑے اور اہم ہیں اور باقی بھی جلد سمندر کی تہہ میں پہنچ جائیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ ہم نے ایران کے نو بحری جہاز تباہ کیے ہیں۔ ان میں کچھ جہاز بڑے اور اہم نوعیت کے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ باقی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ جلد مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایک علیحدہ حملے میں ایرانی نیول ہیڈ کوارٹر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے، تاہم انہوں نے اس حملے کی تصاویر یا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں۔

ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کی فوجی تنصیبات پر بمباری میں شدت آگئی ہے۔

اب تک اس دعوے کی طرف سے ایرانی حکومت یا نیول ذرائع کی جانب سے کوئی تصدیق یا ردعمل موصول نہیں ہوا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے اتوار کو ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور پانچ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔