ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا جواب دیا جائے گا: صدر ٹرمپ

حملے جنگ کا حصہ ہیں، لوگ پسند کریں یا نہ کریں جنگ اسی طرح ہوتی ہے: صدر ٹرمپ کی امریکی ٹی وی سے گفتگو
شائع 03 مارچ 2026 08:44am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانے پر ڈرون حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا جواب دیا جائے گا اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر بھی بھرپور ردعمل دیں گے۔

صدر ٹرمپ نے ریاض میں سفارت خانے پر حملے کے بعد مختلف میڈیا اداروں سے مختصر گفتگو کی ہے۔

امریکی ٹی وی چینل نیوز نیشن سے مختصر گفتگو میں صدر ٹرمپ نے امریکا کی جوابی کارروائی کے بارے میں سوال پر کہا کہ ’آپ کو بہت جلد معلوم ہو جائے گا‘۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ ایران میں زمینی افواج بھیجنے کی ضرورت کا امکان کم ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ’ہم انہیں زبردست نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایران میں اہداف کے حصول سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’میں بہت کچھ جانتا ہوں، جب ہدف حاصل ہو جائے گا تو پتہ لگ جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ ہم انہیں پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ امریکی تنصیبات یا امریکی سرزمین پر ممکنہ حملوں سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ’نہیں، یہ جنگ کا حصہ ہے۔ لوگ اسے پسند کریں یا نہ کریں، جنگ اسی طرح ہوتی ہے۔