چین کا خطے میں ثالثی کی کوششوں کے لیے خصوصی مندوب بھیجنے کا اعلان

چینی وزیرخارجہ کےسعودی،اماراتی ہم منصب سےرابطہ، طاقت کا استعمال مسترد، مذاکرات کی ضرورت پر زور
شائع 05 مارچ 2026 12:04pm

چین نے ثالثی کےلیے اپنا نمائندہ خصوصی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان کردیا۔

چین نے مشرق وسطیٰ کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنا خصوصی نمائندہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وانگ ای نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی صورت میں طاقت کا استعمال قابلِ قبول نہیں ہے، اور بے گناہ شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کا تحفظ ایک سرخ لکیر ہونی چاہیے، جسے عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب خطے کو جنگ کی طرف جاتا نہیں دیکھنا چاہتا۔ تاہم، انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ تنازعہ مسلسل پھیل رہا ہے اور اس میں مزید شدت آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ فوجی کارروائیاں بند کریں اور بات چیت کی میز پر واپس آئیں تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔

وانگ ای نے مزید کہا کہ چین عالمی امن کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ خطے میں مزید خونریزی سے بچا جا سکے۔