پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کے بعد پمپوں پر شہریوں کی لمبی قطاریں
ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول پمپوں پر شہری لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں اور کئی گھنٹے انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے اور ڈیزل کی 335 روپے قیمت مقرر کی گئی ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک نے میڈیا بریفنگ میں اس اضافے کا اعلان کیا۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھرکے شہروں میں پمپوں پر شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کراچی کے متعدد علاقوں، بشمول شاہراہِ فیصل پر پیٹرول پمپ بند ہونے کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
قیمتوں میں اضافے کے اعلان سے قبل ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپ بند ہونا شروع ہو گئے تھے اور شہریوں نے بڑی تعداد میں پیٹرول پمپوں کا رخ کیا، قیمتوں میں اچانک اضافے کے بعد شہر بھر کے مختلف پیٹرول پمپوں پر شہریوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
اسلام آباد میں شہری پیٹرول پمپوں پر طویل قطاروں میں کھڑے ہیں۔ انتظامیہ نے عوام کے لیے کنٹرول روم نمبر 0519108084 جاری کر دیا ہے تاکہ شہری کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے رابطہ کر سکیں۔
حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد لاہور کے مختلف پٹرول پمپس پر رش لگ گیا، شہری مہنگا پیٹرول بھی لائنوں میں لگ کر لے رہے ہیں۔
خیرپور میں بھی شہریوں کے لیے پیٹرول مہیا کرنے والے پمپ بند ہیں اور جہاں پٹرول دستیاب ہے وہاں بھی شہری 300 روپے سے زیادہ دے کر پیٹرول حاصل نہیں کر سکتے۔
شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کے بحران کو جلد حل کیا جا سکے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں لوگ پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے پریشان تھے اور اب پیٹرول کی قیمت اچانک بڑھا کر ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے قبل ہی پمپ مالکان نے پیٹرول فراہم کرنا بند کر دیا تھا اور نئی قیمت کے بعد بھی محدود مقدار میں پیٹرول دستیاب ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے مہنگائی میں دبے ہوئے عوام پر پیٹرول میزائل گرایا ہے، جس سے نہ صرف پیٹرول مہنگا ہوگا بلکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ ایسے حالات میں متوسط طبقہ مزید دباؤ میں آئے گا اور معاشی مشکلات سنگین ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو چکا ہے، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 55، 55 روپے بڑھا دی۔















