’فریال گوہر سے طلاق پر آج بھی افسوس ہے‘، جمال شاہ کا اعتراف
پاکستان کے معروف اداکار، گلوکار اور فنکارجمال شاہ نے اپنی سابقہ اہلیہ فریال گوہرسے طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے ماضی کے فیصلوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایک وقت تھا جب جمال شاہ اور فریال گوہر کو شوبز کی پسندیدہ اور بے مثال جوڑی سمجھا جاتا تھا۔ مداح بھی اس جوڑی کو بے حد پسند کرتے تھے، تاہم ایک طویل ساتھ کے بعد دونوں کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی۔
حال ہی میں دونوں فنکار نجی چینل کے ایک سحری پروگرام میں اکٹھے شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات، محبت کے آغاز اور بعد میں تعلقات میں آنے والی دوریوں پر گفتگو کی۔
اس کے علاوہ جمال شاہ نے ایک اور پروگرام میں بھی اس موضوع پر بات کی۔
گفتگو کے دوران جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی شادی کو لوگوں اور خاندان کی مکمل حمایت حاصل تھی اور لوگ ان دونوں کو ایک آئیڈیل جوڑی سمجھتے تھے۔ اسی لیے جب ان کے درمیان طلاق ہوئی تو سب کو سخت دھچکا لگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فریال گوہر ایک مضبوط اور مستعد شخصیت کی مالک ہیں جبکہ ان کا اپنا مزاج قدرے تیز اور جذباتی رہا ہے۔
ان کے مطابق دونوں کی مختلف طبیعتوں کی وجہ سے رشتہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور انہیں بعد میں اندازہ ہوگیا کہ زندگی میں کچھ مختلف چل رہا ہے۔
جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس پر انہیں آج بھی کسی حد تک افسوس محسوس ہوتا ہے اور وہ سمجھتے ہیں اگر اس وقت تھوڑی سمجھداری سے اور سوچ سمجھ کر کام کیا جاتا تو آج حالات کچھ مختلف ہوتے۔
جمال شاہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز پی ٹی وی کے کوئٹہ سینٹر سے کیا تھا، جس کے بعد وہ ڈراموں، فلموں اور مختلف سرکاری ذمہ داریوں میں بھی نظر آئے۔ ان کی نجی زندگی بھی اکثر خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔
















