فہد مصطفٰی سے معافی کیوں مانگی؟ عتیقہ اوڈھو کی وضاحت
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اداکار فہد مصطفٰی کے ساتھ پیش آنے والے تنازعے کے پس منظر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے فہد سے معافی اس لیے مانگی تاکہ ان کے جذبات مجروح نہ ہوں اور معاملہ زیادہ بڑھ نہ جائے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک پروگرام میں عتیقہ اوڈھو نے فہد مصطفٰی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی عمر کے حساب سے ایکٹرسز کے ساتھ کام کریں۔
اس پر فہد نے طنزیہ اور عمر سے متعلق تبصروں کے ذریعے اہنے لائیو گیم شو میں جواب دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شدت اختیار کر گئی۔
بعد میں دونوں فنکاروں نے ایک دوسرے سے معافی مانگ کر مسئلہ ختم کر دیا اور صلح کر لی۔
اب عتیقہ اوڈھو نے ایک پوڈ کاسٹ میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، اس لیے انہوں نے فہد سے معافی مانگی۔
انہوں نے فہد مصطفٰی کی محنت اور کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ فہد مصطفی ایک سیلف میڈ اور محنتی انسان ہیں، انہوں نے بڑی محنت اور لگن سے اپنا کیریئر بنایا ہے۔ اس لیے ایک لمحے میں مذاق میں کہی گئی بات یا طنزیہ انداز کی بنیاد پر ان کے کریئر پر تنقید کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فہد مصطفٰی کو اس معاملے میں شدید منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، جو ان کی نظر میں مناسب نہیں تھا کہ محض ایک جملہ کسی کی برسوں کی محنت اور کیریئرپر اثر انداز ہو۔ اس لیے وہ فہد مصطفٰی کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں۔
















