خیبرپختونخوا حکومت کا ایندھن بچت پلان، محکمہ تعلیم میں سخت پابندیاں عائد
خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کی بچت کے لیے محکمہ تعلیم میں دو ماہ کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت سرکاری گاڑیوں کے نجی استعمال، عملے کی ضلعی حدود سے باہر سرکاری میٹنگز اور ورکشاپس کے انعقاد سمیت متعدد سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کی بچت کے لیے محکمہ تعلیم میں مارچ اور اپریل کے دوران خصوصی پلان نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں سرکاری گاڑیوں کے نجی استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور عملے کی ضلعی حدود سے باہر سرکاری میٹنگز اور ورکشاپس کے انعقاد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹریٹ کے افسران کو بغیر اجازت سرکاری گاڑی میں ضلع سے باہر سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے جب کہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مارچ اور اپریل کے مہینوں میں پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے۔
محکمہ تعلیم کے تحت اساتذہ اور دیگر ملازمین کے ضلعی تعلیمی دفاتر کے دوروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق شکایات اور چھٹیوں کی درخواستوں کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ تمام درخواستیں آن لائن جمع کرائی جائیں گی۔ اساتذہ اور عملہ اپنی درخواستیں اور شکایات متعلقہ پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں گے۔
















