پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان

اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی سمری آج حکومت کو بھجوائے گا
شائع 13 مارچ 2026 03:34pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

عوام کے لیے بری خبر ہے کہ ملک میں آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکا ہے، جس کے تحت پیٹرول 51 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 81 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، حکومت آج جمعہ کے روز نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آج پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو ارسال کرے گا، جس میں آئندہ ہفتے کے لیے مجوزہ قیمتوں کی سفارشات شامل ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی بنیاد پر نئی اوسط قیمت کا تعین کرے گا۔

رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 51 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 81 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرول میں ملاوٹ کی روک تھام کے لیے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی شرح میں ممکنہ رد و بدل کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی بھی کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پیٹرول پر کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ ادارہ پیٹرولیم لیوی کی مکمل وصولی پر بھی زور دے رہا ہے۔