ایران تنازع ختم کرنے کے لیے ڈیل چاہتا ہے، لیکن اس کی شرائط قابل قبول نہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران موجودہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے، لیکن تہران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط قابل قبول نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی طور پر مکمل شکست دے دی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ممکنہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے زندہ نہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ خبر محض افواہ بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے اہم تیل برآمدی مرکزخارگ پر ممکنہ حملے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز بند رہی تو امریکا ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا تاکہ عالمی تجارتی راستہ کھلا رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کو عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھا جاتا ہے اور یہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی منڈیوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔
حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔












