پی ٹی آئی کا عید کے بعد عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک شروع کرنے کا اعلان

تحریک انصاف آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھے گی: پی ٹی آئی قیادت
شائع 18 مارچ 2026 05:52pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے عید الفطر کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور صدر خیبرپختونخوا جنید اکبرنے کہا کہ عید کے بعد بانی پی ٹی آئی رہائی امن موومنٹ کا آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد آئین وقانون کی بالادستی اورحقیقی آزادی کا حصول ہے۔

بدھ کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی بدحالی اور نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کے لیے یہ تحریک ناگزیر ہو چکی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک کا بنیادی مقصد آئین اورقانون کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، ملک میں عدالتی نظام کمزور ہوچکا ہے، ہزاروں افراد جھوٹے مقدمات میں قید ہیں اور عوام کو خوف و دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد تحریک کے رہنماؤں کے ناموں کا اعلان وفاقی اور ضلعی سطح پر کیا جائے گا جب کہ اس تحریک کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کریں گے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبرخان نے کہا کہ یہ ایک پرامن تحریک ہوگی اور اس کا مقصد تصادم نہیں بلکہ اتحاد اور جمہوری جدوجہد ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی ادارے دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم تحریک انصاف آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر ایک لاکھ افراد کو رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد منظم احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، اس بار ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے چاروں صوبوں سے بھرپور اور منظم انداز میں شرکت یقینی بنائی جائے گی۔