کراچی: مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی، موسم خوشگوار

28اور 29 مارچ کو بھی کراچی میں بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات
شائع 26 مارچ 2026 10:02am

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور اورنگی سمیت متعدد مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم نسبتاً بہتر محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ 28 اور 29 مارچ کو بھی شہر میں بارش متوقع ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے، جس کے باعث موسم مرطوب رہے گا۔ ساتھ ہی بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، خاص طور پر بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پر نظر رکھیں۔