پاکستان پر الزامات لگانے والا اکاؤنٹ جعلی ہے: ایرانی سفارت خانے کی وضاحت
اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانہ نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا HosseinNejat1@ نامی اکاؤنٹ مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کا ایران کے کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
سفارتخانے نے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا ہے۔
ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جعلی اکاؤنٹ نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کر کے ایران کے دشمن ممالک کو فروخت کر رہا ہے، جو حقیقت سے بالکل عاری اور گمراہ کن ہے۔
سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ اکاؤنٹ کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانا اور عوام کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
تاہم بیان میں واضح کیا گیا کہ ایسی منفی سرگرمیاں دونوں ممالک کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتیں۔
ایرانی سفارتخانے نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اکاؤنٹس اور معلومات کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری و مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
بیان میں اس بات کو بھی دہرایا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی، ہمسایہ اور تاریخی بنیادوں پر قائم تعلقات کسی بھی سازش سے کمزور نہیں ہوں گے۔
















