وائٹ ہاؤس کی ایران کے خلاف ایٹم بم کے ممکنہ استعمال کی خبروں کی تردید

امریکا اس نوعیت کی کسی منصوبہ بندی پر غور نہیں کر رہا: وائٹ ہاؤس
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2026 11:28pm

وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار (ایٹم بم) استعمال کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکا اس نوعیت کی کسی منصوبہ بندی پر غور نہیں کر رہا۔

ترک میڈیا کے مطابق منگل کو جاری بیان میں وائٹ ہاؤس کے ریپڈ رسپانس اکاؤنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے اور اس میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ امریکا کے پاس ایسے ”ذرائع“ موجود ہیں جو اب تک استعمال نہیں کیے گئے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ ضرورت پڑنے پر انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ ”ایک پوری تہذیب آج رات ختم ہو سکتی ہے“، جس کے بعد قیاس آرائیاں شدت اختیار کر گئی تھیں، خصوصاً اس وقت جب ایران کے لیے مقرر کردہ ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ ایران کے پاس معاہدے کے لیے صرف چند گھنٹے باقی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے ایک بار پھر ایران سے معاہدے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے امریکی مطالبات پر عمل نہ کیا تو صدر کے ردعمل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا، یہ صرف صدر ٹرمپ کے علم میں ہے، جس سے صورت حال مزید غیر یقینی ہو گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے ختم ہوگی اور اس کے بعد ممکنہ پیش رفت پر عالمی سطح پر نظریں مرکوز ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر حملے کے لیے بضد

ادھر امریکی نیوز چینل کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ 8 بجے کی ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے اور اگر اس وقت تک پیش رفت نہ ہوئی تو بڑا حملہ کیا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر مقررہ وقت آ گیا تو ایران پر ایسا حملہ کیا جائے گا ”جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا“۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ 8 بجے کچھ ہونے جارہا ہے، آج مذاکرات میں ٹھوس پیش رفت ہوئی تو صورتحال بدل سکتی ہے۔

اس سے قبل امریکی کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ آج رات ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی، میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو مگر ایسا ہونے کا امکان ہے۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران میں رجیم چینج کردی ہے، ایران کی موجودہ قیادت مختلف، اسمارٹ اور کم شدت پسند ہے۔