آسٹریلیا نے پہلی بار خاتون کو بری فوج کی سربراہی سونپ دی

لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جولائی میں منصب سنبھالیں گی۔
شائع 13 اپريل 2026 06:13pm

آسٹریلیا نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو بری فوج کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے اہم اور تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے دفاعی قیادت میں بڑی تبدیلیوں کے تحت ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار ایک خاتون کو بری فوج کی سربراہی سونپنے کا اعلان کیا ہے، جسے ملک کی عسکری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جولائی میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور وہ موجودہ سربراہ کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گی۔ وہ اس سے قبل بھی عسکری قیادت کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

وزیراعظم نے اس تقرری کو 125 سالہ عسکری تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ادارے بل کہ پورے معاشرے کے لیے اہم پیغام رکھتا ہے۔

وزیر دفاع نے بھی اس اقدام کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس سے خواتین کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔

یہ تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملکی دفاعی ادارہ خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس وقت فوج میں خواتین کی تعداد محدود ہے تاہم آنے والے برسوں میں اسے نمایاں حد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سوسن کوائل نے کئی دہائیوں پر محیط خدمات کے دوران مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور ان کی تقرری کو نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کی خواتین کے لیے ایک نئی راہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔