شکیرا کا جادو: کنسرٹ میں 20 لاکھ افراد کا سمندر اُمڈ آیا

یہ کنسرٹ شکیرا کے فنی سفر کا اب تک کا سب سے بڑا شو قرار دیا جا رہا ہے۔
شائع 04 مئ 2026 11:44am

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کے ایک مفت کنسرٹ نے موسیقی کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شہر کی انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی شب کوپاکابانا بیچ پر منعقد ہونے والے اس شاندار پروگرام میں تقریباً 20 لاکھ افراد نے شرکت کی، جو شکیرا کے فنی سفر کا اب تک کا سب سے بڑا شو قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ریو ڈی جنیرو کے اسی ساحل پر میڈونا اور لیڈی گاگا جیسے بڑے ستارے بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں، لیکن اس بار کا رش ماضی کے تمام مقابلوں کو پیچھے چھوڑتا ہوا محسوس ہوا۔

ریو کے اس ساحل پر بڑے کنسرٹس کا انعقاد اب ایک روایت بنتا جا رہا ہے، خاص طور پر وپاکابانا پیلیس ہوٹل کے سامنے ہونے والے یہ ایونٹس دنیا بھر کی توجہ حاصل کرتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس میگا شو کا مقصد جہاں لوگوں کو تفریح فراہم کرنا تھا، وہیں یہ برازیل کی سیاحت کو فروغ دینے کی ایک بڑی سرکاری مہم کا حصہ بھی تھا۔

ریو ڈی جنیرو کی حکومت ”ٹودو منڈو نو ریو“ نامی میلے کے ذریعے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے تاکہ مئی کے مہینے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ فیسٹیول کم از کم 2028 تک شہر کے کیلنڈر کا حصہ رہے گا۔

کنسرٹ کا آغاز ایک منفرد ڈرون شو سے ہوا جس میں آسمان پر بھیڑئیے کی شکل بنائی گئی، جو شکیرا کی فنی پہچان سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر گلوکارہ نے پرتگالی زبان میں مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے برازیل سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ لاکھوں لوگوں کو ایک ساتھ گاتے اور رقص کرتے دیکھنا کسی جادو سے کم نہیں۔

49 سالہ گلوکارہ نے اپنے مشہورِ زمانہ گانے پیش کیے جن میں ”ہپس ڈونٹ لائی“ اور 2010 کے فٹ بال ورلڈ کپ کا مقبول ترین ترانہ ”وکّا وکّا“ پیش کر کے مجمعے میں جوش و خروش بھر دیا۔

اس اسٹیج پر ان کے ساتھ برازیل کے مقامی گلوکاروں نے بھی اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس نے شو کو مزید چار چاند لگا دیے۔ اس موقع پر برازیل کے معروف فنکاروں انیتا، کائیتانو ویلاسو، ماریہ بیتانیا اور ایویتے سانگالو نے بھی اسٹیج پر آ کر ان کے ساتھ پرفارم کیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ایک پروگرام سے شہر کی معیشت کو تقریباً تقریباً 80 کروڑ ریال کی آمدنی ہوئی، جس سے مقامی ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور دکان داروں کے کاروبار میں بڑی تیزی آئی ہے, یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بڑے ایونٹس کم از کم 2028 تک ہر سال منعقد کیے جائیں گے۔

یہ کنسرٹ نہ صرف موسیقی کا ایک بڑا ایونٹ ثابت ہوا بلکہ اس نے ریو ڈی جنیرو کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔