دلجیت دوسانجھ نے بھارتی شہریت چھوڑدی؟

دلجیت نے اپنے کاغذات میں کیلیفورنیا کی رہائش ظاہر کی ہے۔
شائع 14 مئ 2026 03:08pm

پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنی شہریت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والی قیاس آرائیوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ انٹرنیٹ پر یہ دعوے وائرل ہو رہے ہیں کہ پنجابی ثقافت کی پہچان سمجھے جانے والے اس ستارے نےممکنہ طور پر بھارتی شہریت چھوڈ دی ہے۔ جس کے بعد مداحوں میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا دلجیت اب بھی بھارتی شہری ہیں یا نہیں؟

بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ نے سن 2022 میں امریکی شہریت حاصل کر لی تھی اور تب سے وہ بھارتی پاسپورٹ کے بجائے امریکی پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ستمبر 2022 میں امریکی شہریت حاصل کرنے کے بعد بھارتی پاسپورٹ رکھنا بند کردیا اور ستمبر سے جب بھی بھارت آتے ہیں تو ای ویزا کا استعمال کرتے ہیں جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید ان کے پاس او سی آئی کارڈ بھی موجود نہیں۔

مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ دلجیت کا آخری بھارتی پاسپورٹ 2018 میں ممبئی سے جاری ہوا تھا جبکہ ان کی اہلیہ سندیپ کور پہلے ہی امریکی شہری ہیں اور دلجیت نے اپنے کاغذات میں کیلیفورنیا کی رہائش ظاہر کی ہے۔

دلجیت دوسانجھ اکثر اسٹیج پر ’میں ہوں پنجاب‘ کا نعرہ لگاتے ہیں جو ان کی اپنی مٹی سے گہری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں کے لیے یہ خبریں کافی حیران کن ہیں۔

ان تمام دعوؤں کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے ابھی تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اپنی شہریت کی تبدیلی کے بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

دلجیت نے حال ہی میں سیاست میں آنے کی خبروں کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ جب ریٹائرڈ افسران اور کچھ پیشہ ور افراد کے ایک گروپ نے انہیں پنجاب کی سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دیا تو انہوں نے سوشل میڈیا پر دو ٹوک جواب دیتے ہوئے لکھا کہ کبھی بھی نہیں، میرا کام صرف لوگوں کو محظوظ کرنا ہے۔

ان کے اس جملے نے واضح کر دیا کہ وہ فی الحال صرف فن کی دنیا تک محدود رہنا چاہتے ہیں۔

دلجیت دوسانجھ شہریت کی ان افواہوں کے باوجود بھارتی فلم انڈسٹری میں بدستور سرگرم ہیں۔ وہ حال ہی میں سنی دیول کی فلم بارڈر 2 میں ایک اہم کردار میں نظر آئے ہیں اور ان کی اگلی فلم ’میں واپس آؤں گا‘ بارہ جون 2026 کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا دلجیت خود سامنے آ کر ان خبروں کی حقیقت واضح کرتے ہیں یا یہ بحث یونہی جاری رہے گی۔