پاکستان کے جائز آبی حق کے حصول کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کے زیرِتسلط علاقوں سے حملوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے اعلیٰ ترین فورم نے سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیا اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے تعمیری کردار پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق حالیہ بیانات اور مؤقف کا جائزہ لیا اور قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے اجلاس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی توثیق کی۔
قومی سلامتی کمیٹی کا یہ اجلاس بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اعلان کے بعد منعقد ہوا تھا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایات اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز اور قانونی آبی حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شہدا کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی قربانیوں کو استقامت کی بنیاد قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے افغان طالبان رجیم کے زیرِتسلط علاقوں سے حملوں پر تحفظات اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے۔
فورم کے مطابق معرکہ حق میں عبرت ناک شکست کے بعد دشمن ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔ بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔
پاک فوج کے اس اعلیٰ ترین فورم نے کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اور خطےمیں امن کاانحصار کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دینے میں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سےعمل کرنے کی ہدایت دی اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور قومی مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گا۔














