کیا کوہلی 2027 ورلڈ کپ کھیلیں گے یا نہیں؟ بھارتی کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مستقبل اور 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق ویرات کوہلی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا۔
شائع 15 مئ 2026 06:37pm

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے آخر کار بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مستقبل اور 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے کے بارے میں خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، تاہم وہ ایسے ماحول کا حصہ نہیں بننا چاہتے جہاں انہیں اپنی اہمیت اور صلاحیت ثابت کرنے کی ضرورت محسوس ہو۔

جمعے کو رائل چیلنجرز بنگلورو کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے کہا کہ اگر وہ کرکٹ کھیل رہے ہیں تو ان کی خواہش ہے کہ وہ کھیل جاری رکھیں اور بھارت کے لیے ورلڈ کپ کھیلنا ان کے لیے اب بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ان سے بار بار پوچھتے ہیں کہ کیا وہ 2027 کا ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، جس پر ان کا جواب یہی ہے کہ اگر وہ کھیل رہے ہیں تو یقینی طور پر کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ اب ان کا نقطہ نظر بالکل واضح ہے، اگر وہ کسی ماحول میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں اور وہاں انہیں اہمیت دی جاتی ہے تو وہ ضرور کھیلیں گے لیکن اگر انہیں یہ محسوس کروایا جائے کہ انہیں اپنی اہمیت ثابت کرنا ہے تو وہ اس صورت حال میں ٹیم میں نہیں رہ سکتے۔

سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ وہ اپنی تیاری، محنت اور کھیل کے انداز کے ساتھ مکمل دیانت داری رکھتے ہیں اور میدان میں ہمیشہ ٹیم کے لیے سو فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویرات کوہلی کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ صرف کھیل سے محبت کی وجہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، کسی کو کچھ ثابت کرنے کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وجے ہزارے ٹرافی میں کھیلتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ دوبارہ بچپن میں کرکٹ کھیل رہے ہوں۔

بھارتی بلے باز نے کہا کہ اگر کسی ادارے یا ماحول میں پہلے اعتماد کا اظہار کیا جائے اور بعد میں طریقہ کار پر سوال اٹھائے جائیں تو یہ صورت حال سمجھ سے بالاتر ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یا تو آغاز میں واضح طور پر بتایا جائے کہ ان کی ضرورت نہیں یا پھر اعتماد ظاہر کرنے کے بعد غیر ضروری سوالات نہ اٹھائے جائیں۔

ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کی جانچ صرف نتائج کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ کوئی بھی ہر وقت کارکردگی کی ضمانت نہیں دے سکتا تاہم وہ اپنی محنت، فٹنس اور کمٹمنٹ کے حوالے سے ہمیشہ پُراعتماد رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں ون ڈے میچ میں 40 اوورز کے لیے باؤنڈری سے باؤنڈری رن کروں؟ میں یہ بغیر کسی شکایت کے کروں گا۔

یاد رہے کہ 37 سالہ ویرات کوہلی حالیہ ون ڈے میچز میں شاندار فارم میں دکھائی دیے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے خلاف آخری 7 اننگز میں 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس کے علاوہ وجے ہزارے ٹرافی میں بھی انہوں نے 131 اور 77 رنز کی اننگز کھیلیں۔

آئی پی ایل 2026 میں بھی ویرات کوہلی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور 12 اننگز میں 484 رنز بنا چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 165.75 رہا۔